ریاض (13 اپریل 2026): مقدس شہر مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے آج سے پرمٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے یہ فیصلہ حج سیزن 2026 کی وجہ سے کیا گیا ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق حج سیزن 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے وزارت داخلہ نے پیر 13 اپریل 2026 سے مکہ پرمٹ پر عملدر آمد کا آغاز کر دیا ہے۔وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے لازمی پرمٹ کے اجرا کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔وہ افراد جن کے اقامہ مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ ہیں اور وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے مکہ یا مشاعرہ مقدسہ میں جاتے ہیں۔ انہیں وزارت نے ہدایت کی ہے کہ وہ رواں حج سیزن کے لیے مکہ پرمٹ کے اجرا کے لیے ’ابشر‘ یا ’مقیم ‘ پلیٹ فارم پر درخواست جمع کرائیں، جس کا جائزہ لینے کے بعد ڈیجیٹل پرمٹ جاری کر دیا جائے گا۔وزارت نے پرمٹ کے لیے یونیفائیڈ پورٹل ’منصبہ تصریح‘ بھی لانچ کیا ہے، جس کے ذریعے مکہ و مشاعر مقدسہ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔وزارت کا مزید کہنا تھا کہ ’حج ویزہ ہولڈر کے علاوہ کسی کو بھی 18 اپریل 2026 سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا وہاں قیام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔حج ویزا ہولڈر کے علاوہ دیگر وزٹ یا دیگر قسم کی عارضی ویزا رکھنے والے کا اس مدت کے بعد مکہ مکرمہ میں قیام غیر قانونی تصور ہو گا۔اس کے علاوہ عمرہ ویزا ہولڈرز کے لیے وزارت کی جانب سے سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 18 اپریل 2026 تک اپنے ملکوں کو روانہ ہو جائیں۔