کس ملک نے عوام کو پٹرول اور ڈیزل میں بڑا ریلیف دینے کا اعلان کر دیا؟

Wait 5 sec.

(13 اپریل 2026): ایران جنگ کے بعد دنیا بھر میں تیل بحران کے باوجود ایک ملک نے اپنے عوام کے لیے پٹرول اور ڈیزل میں بڑا ریلیف دینے کا اعلان کر دیا۔جرمنی ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کے بے نتیجہ ہونے اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کے باوجود اپنے عوام کو پٹرول اور ڈیزل میں بڑا ریلیف دینے کا اعلان کر دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے 2 ماہ کے لیے فیول ٹیکس کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت پٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 17 یورو سینٹ فی لیٹر کمی کی جائے گی۔چانسلر فریڈرک مرز کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث دنیا کو توانائی بحران کا سامنا ہے اس لیے جرمن حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ٹیکسوں میں کمی کرے گی۔جرمن چانسلر نے کہا کہ جنگ ہمارے اپنے ملک میں درپیش مسائل کی جڑ ہے۔ اس تنازع کے دیرپا معاشی نتائج برآمد ہوں گے۔ برلن اس تنازع کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی کمی سے ملک میں ڈرائیوروں اور کاروباروں کی صورت حال بہت تیزی سے بہتر ہو جائے گی۔واضح رہے کہ ایران اور امریکا میں 15 روزہ جنگ بندی اور اسلام آباد میں امن مذاکرات کے اعلان کے ساتھ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گئی تھیں۔ تاہم مذاکرات میں دونوں فریقین کے درمیان کوئی معاہدہ نہ ہونے کے بعد تیل کی قیمتیں ایک بار پھر 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر جا چکی ہیں۔