(13 اپریل 2026): ماں باپ تو بچوں پر اپنی جان نچھاور کر دیتے ہیں لیکن ایک ظالم باپ نے اپنے کمسن بیٹے کو وین میں قید کر کے معذور بنا ڈالا۔یہ نا قابل یقین واقعہ فرانس میں پیش آیا، جہاں ایک شقی القلب باپ نے اپنی دوسری بیوی کے کہنے پر سگے بیٹے کو وین میں ڈیڑھ سال تک قیدی بنا کر معذور کر ڈالا، پولیس نے باپ کو گرفتار کر لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس واقعہ کا اس وقت پتہ چلا جب کہ ایک پڑوسی نے پولیس کو اطلاع دی کہ جرمنی اور سوئٹزر لینڈ کی سرحد کے قریب واقع ایک گاؤں ہاگنباخ میں ایک وین سے بچے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔پولیس فوری حرکت میں آئی اور والد کی وین سے اس کے 9 سالہ بیٹے کو انتہائی تشویشناک حالت میں برآمد کر لیا۔ بچہ برہنہ حالت میں ایک کمبل میں لپٹا ہوا، کوڑے کے ڈھیر اور فضلے کے قریب لیٹا ہوا تھا۔فرانسیسی پراسیکیوٹر نکولس ہائٹز کے مطابق بچے کو طویل عرصے تک وین میں باندھ کر ایک ہی حالت میں رکھا گیا، جس کی وجہ سے وہ چلنے کی صلاحیت کھو بیٹھا ہے۔پولیس کے زیر حراست بچے کے والد نے بتایا کہ اس نے اپنے بیٹے کو نومبر 2024 سے وین میں اس لیے رکھا تھا کیونکہ اس کی ساتھی (دوسری بیوی) اسے (بیٹے) ذہنی امراض کے اسپتال بھیجنا چاہتی تھی۔تاہم پراسیکیوٹر کے مطابق بچے کے کسی ذہنی مرض کا کوئی طبی ریکارڈ موجود نہیں اور اس کی اسکول رپورٹ کے مطابق وہ تعلیمی طور پر ایک ذہین طالب علم تھا۔ بچے کے مطابق اس کی سوتیلی والدہ اسے پسند نہیں کرتی تھی اور وہ 2024 سے نہا بھی نہیں سکا تھا۔ملزم کے اعتراف کے بعد اس پر اغوا سمیت ابتدائی الزامات عائد کیے گئے ہیں جبکہ اس کی ساتھی کو غفلت کے الزام کے تحت عدالتی نگرانی میں رہا کر دیا گیا ہے۔