مکہ مکرمہ (12 اپریل 2026): مسجد الحرام کے امام شیخ صالح بن حمید نے سوشل میڈیا پر افواہیں اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے کے خلاف سخت انتباہ دیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام میں خطبہ جمعہ ہوتے ہوئے امام کعبہ شیخ صالح بن حمید نے کہا کہ سوشل میڈیا پر افواہوں اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے والے ان تمام افراد پر اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہیں، جو اس میں ملوث ہوں یا اس کو پھیلائیں۔امام کعبہ نے خبردار کیا کہ جھوٹی معلومات پھیلانے سے نہ صرف افراد اور معاشرے کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ اس عمل میں شامل افراد کے گناہوں کا بوجھ بھی بڑھتا ہے۔شیخ صالح بن حمید نے نمازیوں کو ثابت قدم رہنے اور دنیاوی امور میں الجھنے سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے پر بھی زور دیا کہ وہ عوامی رائے سے قطع نظر، سچائی اور اصول پسندی کو برقرار رکھیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کا حقیقی کردار مشکل وقت میں ظاہر ہوتا ہے۔واضح رہے کہ سعودی حکام نے بار بار اس حوالے سے انتباہات جاری کیے ہیں۔سعودی پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے سوشل میڈیا پر جھوٹی معلومات تیار کرنے اور اسے شیئر یا فروغ دینے کے مرتکب افراد کو پانچ سال تک قید اور تین ملین ریال تک جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ جرم میں استعمال ہونے والے ڈیوائسز کو ضبط کیا جا سکتا ہے۔