کویت : سیلون اور ہیلتھ شاپس کیلیے بڑی خبر

Wait 5 sec.

کویت سٹی (25 اپریل 2026): کویت میں سیلونز اور ہیلتھ شاپس کی نگرانی اور ان کے معیارات کو بہتر بنانے کے لیے وزارت صحت نے سخت اقدامات اٹھائے ہیں، اس سلسلے میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔کویتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد عوامی صحت کا تحفظ اور پیشہ ورانہ سالمیت کو یقینی بنانا ہے۔وزارتِ صحت کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر عبدالرحمن المطیری کی جانب سے جاری انتظامی حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ یکم اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوچکا ہے اور اس کی مدت کا دورانیہ ایک سال ہوگا۔حکام کے مطابق کمیٹی کی تشکیلِ نو کا بنیادی مقصد صحت کے معیار کو بہتر بنانا، پیشہ ورانہ اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانا اور خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر مونا الخباز کریں گی، جبکہ اس میں وزارتِ تجارت و صنعت کے کمرشل کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے فیصل الانصاری، ہیلتھ لائسنسنگ ڈیپارٹمنٹ کی ڈاکٹر سعاد عبل، کویت میونسپلٹی اور وزارتِ صحت کے مختلف شعبہ جات کے نمائندے شامل ہوں گے۔کمیٹی کے اہم فرائض میں سیلونز اور ہیلتھ انسٹیٹیوٹس کے لیے تکنیکی معیارات کا تعین، فیلڈ انسپیکشن ٹیموں کی تعیناتی، خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش اور شکایات کے اندراج کا مؤثر نظام وضع کرنا شامل ہے۔اس کے علاوہ کمیٹی ریڈی ایشن ڈیوائسز کے محفوظ استعمال، انفیکشن کنٹرول، صحت و صفائی کے اصولوں پر عملدرآمد، اور اداروں کے لائسنس و ملازمین کے ہیلتھ سرٹیفکیٹس کی جانچ بھی یقینی بنائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ کمیٹی مختلف وزارتوں کے باہمی تعاون سے کام کرے گی تاکہ نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔کمیٹی باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے گی اور اپنی سفارشات اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے پبلک ہیلتھ کو پیش کرے گی۔یہ اقدام وزارتِ صحت کی جانب سے سیلونز اور بیوٹی پارلرز کے لیے پہلے سے جاری رہنما اصولوں اور اصلاحاتی اقدامات کا تسلسل ہے، جس کا مقصد عوام کو محفوظ اور معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔