واشنگٹن (22 اپریل 2026): امریکی اسپیکر مائیک جانسن نے ریپبلکن ارکانِ کانگریس کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے اور ایران اور اس کی پراکسیوں کے خلاف امریکی مفادات کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ امریکی سرزمین پر ممکنہ حملوں کو روکنے کے لیے قانون سازی کی جا چکی ہے، جب کہ ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تاہم ڈیموکریٹس اس عمل کی مخالفت کر رہے ہیں۔اسپیکر جانسن کے مطابق 2024 میں بارڈر سیکیورٹی امریکا کا سب سے بڑا مسئلہ رہا، اور ڈیموکریٹس کی پالیسیوں کے باعث محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی گزشتہ 2 ماہ سے شٹ ڈاؤن کا شکار ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ شٹ ڈاؤن کے ذریعے سرحدوں کو غیر محفوظ بنایا جا رہا ہے۔ٹرمپ اپنے تصورات میں مذاکرات کی ٹیبل کو سرنڈر ٹیبل بنا رہے ہیں، باقر قالیبافمائیک جانسن نے مزید کہا کہ حکومت امریکی کسانوں، بلڈرز اور انرجی پروڈیوسرز پر بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں توانائی کے شعبے کے فروغ کے لیے 2 قوانین منظور کیے گئے ہیں، اور توانائی کی ضروریات کو قومی سلامتی کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔اسپیکر جانسن کا کہنا تھا کہ غیر ضروری قوانین کو ختم کیا جا رہا ہے، اور نئی قانون سازی کے بعد توانائی کا معاملہ قومی سلامتی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ امریکا میں مزید اہم اصلاحات پر کام جاری ہے، کیوں کہ چین اور روس بھی سائبر اور انٹیلیجنس جنگ کے شعبوں میں نئے قوانین متعارف کروا رہے ہیں۔