مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں مدینہ منورہ سے آنے والے پاکستانی عازمین حج کے اولین قافلے مکہ مکرمہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستانی حجاج کرام کی آمد کے ساتھ ہی روح پرور مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں اور عازمین کا پرتپاک استقبال کیا جا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق مکہ پہنچنے والے عازمین حج، جو سفید احرام میں ملبوس تھے، کا والہانہ خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ زمزم، کھجوروں اور ٹھنڈے مشروبات سے ان کی تواضع کی گئی۔ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے چیف کوآرڈینیٹر مکہ ڈاکٹر مرزا علی محسود، کوآرڈینیٹر رہائش، خوراک و ٹرانسپورٹ ذوالفقار خان، ڈائریکٹر حج مکہ عارف اسلم راؤ، ڈپٹی ڈائریکٹر حج عزیز اللہ خان اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں مختلف رہائشی عمارتوں کا دورہ کیا اور عازمین حج سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے حجاج سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ترجمان کے مطابق عازمین حج کے پہلے عمرہ کی ادائیگی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مین کنٹرول آفس مکہ کے زیرِ انتظام حرم تک ٹرانسپورٹ، حرم گائیڈز، معیاری خوراک اور رہائشی عمارتوں میں خدمات سرانجام دینے کے لیے خدام الحجاج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔سعودی عرب: نسک کارڈ نہ پہننے والے ہو جائیں خبردارحکام کے مطابق پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض پرسکون ماحول میں ادا کر سکیں۔