شاہ چارلس کا صدر ٹرمپ کو تاریخی اور دلچسپ تحفہ

Wait 5 sec.

واشنگٹن(29 اپریل 2026): وائٹ ہاؤس میں برطانوی بادشاہ شاہ چارلس کے اعزاز میں پروقار عشائیہ دیا گیا، جس میں انہوں نے امریکی صدر کو ایک تاریخی اور دلچسپ تحفہ پیش کیا۔عشائیے کے دوران شاہ چارلس نے امریکی صدر کو ایک قدیم گھنٹی تحفے میں دی جو 1944 میں برطانوی آبدوز ‘ایچ ایم ایس ٹرمپ’ میں نصب تھی۔ برطانوی بادشاہ نے تحفہ دیتے ہوئے خوشگوار موڈ میں کہا کہ اگر کبھی ہم سے رابطہ کرنا ہو تو بس یہ گھنٹی بجا دیجیے گا۔شاہ چارلس نے اس تحفے کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس آبدوز نے دوسری عالمی جنگ میں حصہ لیا تھا۔ اس انوکھے تحفے اور اس کے نام کی صدر ٹرمپ کے نام سے مماثلت نے تقریب میں شریک مہمانوں کی توجہ حاصل کر لی اور اسے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ایک خوشگوار مثال قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی شاہ چارلس متفق ہیں کہ ایران جوہری بم نہیں رکھ سکتا۔برطانوی خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ شاہ چارلس برطانوی حکومت کے ترجمان نہیں جبکہ واشنگٹن میں برطانوی سفارت خانے نے مؤقف جاننے کے لیے بکنگھم پیلس سے رجوع کرنے کو کہا ہے جس نے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بطور آئینی بادشاہ، کنگ چارلس سیاسی معاملات میں غیر جانبدار رہنے کے پابند ہیں، ایسے میں خارجہ پالیسی سے متعلق ان کا مؤقف سامنے آنا انہیں مشکل صورتحال میں ڈال رہا ہے۔