واشنگٹن (26 اپریل 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں وائٹ ہاؤس کریسپونڈنٹس ڈنر کے دوران اچانک ایک حملہ آور نے گھس کر فائرنگ کر دی، جس سے تقریب میں بھگدڑ مچ گئی۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی کابینہ کے ارکان کو واشنگٹن ڈی سی کے ایک ہوٹل میں منعقدہ وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کے عشائیے سے اس وقت جلدی باہر نکال لیا گیا جب تقریب کے باہر فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔وائٹ ہاؤس میں کریسپونڈنٹس ڈنر کی تقریب جاری تھی کہ ایک حملہ آور نے گھس کر فائرنگ کر دی، تاہم تقریب میں موجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ان کی اہلیہ خاتون اوّل میلانیا، نائب صدر جے ڈی وینس اور کابینہ کے ارکان محفوظ رہے۔فائرنگ شروع ہوتے ہی سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے اسٹیج پر چڑھ کر صدر ٹرمپ کو گھیرے میں لے لیا، اور انھیں فوراً تقریب سے باہر لے گئے، امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ تقریب میں واپس آنا چاہتے تھے لیکن سیکرٹ سروس نے روک دیا، جس ہوٹل میں تقریب ہو رہی تھی اس کی مکمل تلاشی لی جا رہی ہے، سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نامہ نگاروں کا عشائیہ اب 30 دن بعد دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔حملہ آور کی شناختامریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور اس کی شناخت بھی کر لی گئی ہے، گرفتار شخص کا نام کولی تھامس ایلن اور عمر 30 سال ہے، کولی تھامس ایلن کیلیفورنیا کا رہائشی ہے۔ملزم نے مرکزی دروازے کی طرف آنے کی کوشش کی تھی، اس نے بال روم کے باہر سیکرٹ سروس اہلکار پر فائرنگ کی، لیکن اہلکار حفاظتی جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہا، فائرنگ کی زد میں آنے والا اہلکار خیریت سے ہے۔حکام کے مطابق 5 گولیاں فائر کی گئی تھیں، فائرنگ کی آواز کے بعد بھگدڑ مچ گئی، کچھ لوگ ٹیبل کے نیچے چھپ گئے، ایف بی آئی کے مطابق نیشنل کیپیٹل رسپانس اسکواڈ نے شوٹر کو فوراً حراست میں لیا۔ڈائریکٹر ایف بی آئیڈائریکٹر ایف بی آئی نے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ملزم کی کوئی معلومات ہیں تو ہمیں اس سے آگاہ کریں، واقعے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، اور تحقیقات تیزی سے جاری ہیں، ملزم کے کیا مقاصد تھے جلد پتا چل جائے گا۔امریکی اٹارنی جنرل نے ایک بیان میں کہا کہ گرفتار ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ملزم سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا سیکیورٹی اہلکاروں نے مؤثر کارروائی کی، اہلکاروں نے بہادری سے فوری طور پر شوٹر کو پکڑا۔