مغربی بنگال میں ووٹنگ کے پہلے مرحلے اور تمل ناڈو کی تمام نشستوں کے لئے رائے دہندگان میں زبردوست جوش نظر آرہا ہے۔مغربی بنگال میں پہلے مرحلے کے لئے152 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہونے والی ہے، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس مرحلے میں 16 اضلاع کے تقریباً 44,000 پولنگ اسٹیشنوں پر تقریباً 36 ملین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ 2021 میں آٹھ اور 2016 میں چھ کے مقابلے اس بار انتخابات صرف دو مرحلوں میں ہو رہے ہیں۔پہلے مرحلے میں حکمران آل انڈیا ترنمول کانگریس یعنی اے آئی ٹی ایم سی اور بھارتیہ جنتا پارٹی یعنی بی جے پی کے درمیان تقریباً 80 سیٹوں پر براہ راست مقابلہ متوقع ہے، حالانکہ کچھ علاقوں میں کثیر الجہتی مقابلے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں، مرکزی فورسز کی 2400 سے زیادہ کمپنیاں تعینات کی ہیں اور ہزاروں پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا ہے۔تمل ناڈو میں، تمام 234 اسمبلی سیٹوں کے لیے ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی، جس میں 57.3 ملین سے زیادہ ووٹرز 4000 سے زیادہ امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ یہاں اصل مقابلہ دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) اور آل انڈیا انا دراوڑ منیترا کزگم (اے آئی اے ڈی ایم کے) کے درمیان ہے۔ریاست کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن اقتدار کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ کے پالانیسوامی کی قیادت میں اے آئی اے ڈی ایم کے، واپسی کی کوشش کر رہی ہے۔ پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے ریاست بھر میں بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے، اور تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔ مغربی بنگال انتخابات میں بھی ترنمول کانگریس اور بی جے پی میں سخت مقابلہ ہے۔