واشنگٹن (25 اپریل 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر کا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا۔امریکی صدر نے فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ امریکی مذاکراتی ٹیم اب ایران سے بات چیت کیلیے پاکستان نہیں جائے گی، ایران سے تنازع پر تمام کارڈز ہمارے ہاتھ میں ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی وفد کو 18 گھنٹے کی طویل پرواز کر کے وہاں جا کر بیٹھنے کی ضرورت نہیں، ایرانی حکام جب چاہیں ہمیں براہ راست کال کر سکتے ہیں۔گزشتہ روز سی این این نے رپورٹ کیا تھا کہ اسے امریکی عہدیداروں نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو اسلام آباد بھیج رہے ہیں جو ایران سے امن مذاکرات پر بات چیت کریں گے۔سی این این کا کہنا تھا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی اسپیکر باقر قالیباف فی الحال بات چیت میں شرکت نہیں کر رہے تاہم پیشرفت ہوئی تو جے ڈی وینس اسلام آباد جا سکتے ہیں۔