واشنگٹن (23 اپریل 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر امریکا کا مکمل کنٹرول ہے اور یہ اُس وقت تک برقرار رہے گا جب تک کہ ایران کوئی معاہدہ کرنے پر آمادہ نہیں ہو جاتا۔امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ایران مشکل دور سے گزر رہا ہے کیونکہ انہیں معلوم ہی نہیں کہ ان کا لیڈر کون ہے؟ ایرانی انتہا پسند جنگ کے میدان میں بُری طرح شکست کھا چکے ہیں اور آپس میں جھگڑ رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ایران میں اعتدال پسند کسی طور اعتدال پسند نہیں، ایران میں اعتدال پسندوں کی عزت بڑھ رہی ہے اور یہ پاگل پن ہے۔یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے تمام ایرانی کشتیوں پر حملہ کرنے کا حکم دے دیاانہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے، امریکی بحریہ کی اجازت کے بغیر اس آبی گزرگاہ سے کوئی جہاز نہ آ سکتا ہے اور نہ جا سکتا ہے، یہ مکمل بند ہے جب تک ایران معاہدہ کرنے کے قابل نہ ہو جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کو اپنی تحویل میں لیا تھا اور بعد میں کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے تین بحری جہازوں پر حملہ کیا تھا جن میں سے دو کو قبضے میں لے کر ایرانی ساحل کی جانب منتقل کر دیا تھا۔اس نے کارروائی کی ویڈیو جاری کی تھی جس میں مسلح نقاب پوش اہلکار ہیلی کاپٹر کے ذریعے کارگو جہاز کے ڈیک پر اترتے اور کنٹرول حاصل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ایران کی جانب سے کیے گئے دعووں کے مطابق قبضے میں لیے گئے جہازوں میں سے ایک کی شناخت ایم ایس سی فرانسسکا کے نام سے ہوئی ہے جس پر پاناما کا پرچم لہرایا گیا تھا۔پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ مذکورہ جہاز اسرائیل کی ملکیت ہے جو آبنائے ہرمز سے خلیج عمان کی جانب جا رہا تھا۔