وینزویلا کے صدر کی گرفتاری پر جوا کھیلنے والا امریکی فوجی اہلکار گرفتار، 4 لاکھ ڈالر کمانے کا الزام

Wait 5 sec.

واشنگٹن(24 اپریل 2026): وینزویلا کے صدر کو گرفتار کرنے والی امریکی فورسز کا اہلکار خفیہ کارروائی پر شرط لگا کر 4 لاکھ ڈالر کمانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی اسپیشل فورسز کے ایک حاضر سروس اہلکار کو وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری سے متعلق خفیہ فوجی معلومات کا استعمال کرتے ہوئے لاکھوں ڈالر کا جواء جیتنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔نارتھ کیرولائنا کے فورٹ بریگ میں تعینات ماسٹر سارجنٹ گینن کین وان ڈائک پر الزام ہے کہ انہوں نے خفیہ فوجی آپریشن "آپریشن ایبسولوٹ ریزولو” کی حساس معلومات تک رسائی حاصل ہونے کے بعد آن لائن پلیٹ فارم "پولی مارکیٹ” پر شرط لگائی۔رپورٹ کے مطابق سارجنٹ وان ڈائک نے 32 ہزار ڈالر کی شرط لگائی تھی کہ جنوری تک وینزویلا کے صدر اقتدار سے باہر ہو جائیں گے۔ مادورو کی گرفتاری کے بعد انہوں نے اس شرط سے 4 لاکھ ڈالر سے زائد کا منافع کمایا اور اسے چھپانے کے لیے کرپٹو کرنسی والٹ میں منتقل کر دیا۔امریکی پراسیکیوٹرز نے ملزم پر خفیہ سرکاری معلومات کے غلط استعمال، فراڈ اور چوری سمیت پانچ سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ دوسری جانب شرط لگانے والی ویب سائٹ نے مشکوک سرگرمی محسوس ہوتے ہی معاملہ امریکی محکمہ انصاف کو رپورٹ کر دیا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک بڑے جوئے خانے میں تبدیل ہوتی جا رہی ہے، انہوں نے جنگی معاملات پر شرطیں لگانے کے رجحان کو خطرناک قرار دیا۔واضح رہے کہ امریکی فوج نے ایک خفیہ آپریشن کے دوران نکولس مادورو کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کیا ہے جہاں ان پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ اس واقعے کے بعد امریکا میں شرط لگانے والے پلیٹ فارمز کے خلاف سخت قوانین بنانے کی بحث تیز ہو گئی ہے۔امریکی فوجی مادورو اور اہلیہ کو بیڈروم سے گھسیٹتے ہوئے لے گئے تھے