تہران : پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو تحویل میں لینے کی ویڈیو جاری کردی ، جس میں ایک جہاز اسرائیل کی ملکیت ہے۔تفصیلات کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک بار پھر حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے، ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے سمندر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین بحری جہازوں پر حملہ کیا ہے، جن میں سے دو کو قبضے میں لے کر ایرانی ساحل کی جانب منتقل کر دیا گیا ہے۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اس آپریشن کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں مسلح نقاب پوش اہلکار ہیلی کاپٹر کے ذریعے کارگو جہاز کے ڈیک پر اترتے اور کنٹرول حاصل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ایران کی جانب سے کیے گئے دعووں کے مطابق قبضے میں لیے گئے جہازوں میں سے ایک کی شناخت ‘ایم ایس سی فرانسسکا’ کے نام سے ہوئی ہے جس پر پاناما کا پرچم لہرایا گیا تھا۔پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ مذکورہ جہاز اسرائیل کی ملکیت ہے جو آبنائے ہرمز سے خلیجِ عمان کی جانب جا رہا تھا۔ایران کا موقف ہے کہ یہ جہاز بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت گزرنے کی کوشش کر رہے تھے اور ان کے نیوی گیشن سسٹم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ کارروائی بدھ کے روز عمل میں لائی گئی اور اب دونوں جہازوں کو ایرانی حدود میں لنگر انداز کر دیا گیا ہے۔