’عآپ کے دو تہائی راجیہ سبھا اراکین بی جے پی میں ہوں گے شامل‘، راگھو چڈھا نے عآپ سے ناطہ توڑنے کا کیا اعلان

Wait 5 sec.

راگھو چڈھا نے عام آدمی پارٹی (عآپ) سے رشتہ توڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عآپ بدعنوان لوگوں کے ہاتھ میں چلی گئی ہے، اس لیے وہ پارٹی سے الگ ہو کر عوام کے درمیان جا رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج ہم خود کو بی جے پی کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ راجیہ سبھا کے دو تہائی عآپ اراکین بی جے پی کے ساتھ جائیں گے۔راگھو چڈھا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی تعریف بھی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور وزیر داخلہ امت شاہ کے عزم کے ساتھ اب ہم بغیر رکے آگے بڑھیں گے۔ ہم یہاں اپنا کیریئر بنانے نہیں آئے تھے بلکہ اپنا کیریئر چھوڑ کر یہاں آئے تھے۔‘‘ عآپ سے رشتوں میں آئی تلخی کا ذکر کرتے ہوئے راگھو نے کہا کہ خود کو کافی پہلے ہی پارٹی کی سرگرمیوں سے دور کر لیا تھا کیونکہ ان کے پاس 2 ہی راستے تھے، یا تو سیاست چھوڑ دیں یا اپنا الگ راستہ اختیار کریں۔راگھو چڈھا کا کہنا ہے کہ جس عآپ کو انہوں نے اپنے خون پسینے سے سینچا اور اپنی جوانی کے 15 سال دیے، وہ آج اپنے مقصد سے پوری طرح بھٹک چکی ہے۔ ان کے مطابق آج عام لوگ بھی عآپ سے دور ہو رہے ہیں۔ راگھو کے اس اعلان کے بعد سیاسی ہلچل بہت بڑھ گئی ہے۔ خاص طور سے لوگ یہ سوچنے کو مجبور ہیں کہ راگھو کے ساتھ مزید کون عآپ رکن پارلیمنٹ بی جے پی کے ساتھ جائیں گے۔ جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق راگھو کے ساتھ وکرم جیت سنگھ ساہنی، راجندر گپتا، سواتی مالیوال، سندیپ پاٹھک اور ہربھجن سنگھ ہیں۔ راجیہ سبھا میں اس وقت عآپ کے 10 اراکین اسمبلی ہیں، اور اگر راگھو کے ساتھ والے اراکین راجیہ سبھا بی جے پی میں جاتے ہیں تو یہ تعداد محض 3 رہ جائے گی۔