ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ڈرون حملے

Wait 5 sec.

ریاض : سعودی دارلحکومت ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں عمارت کے ایک حصے کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم امریکی سفارتخانے کو دو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں محدود نوعیت کی آگ بھڑک اٹھی اور عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔سعودی وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ابتدائی رپورٹ کے حوالے سے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، خصوصاً ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد، جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔ یہ صورتحال حالیہ دنوں میں امریکہ اور اسرائیل کی ایران پر کارروائیوں کے بعد مزید سنگین ہو گئی ہے۔عینی شاہدین کنے بتایا کہ منگل کی صبح سویرے ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی اور سفارتخانے کی عمارت سے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے، تاہم ایک ذریعے کے مطابق آگ زیادہ شدید نہیں تھی۔ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر سے سیاہ دھواں اٹھتا ہوا بھی دیکھا گیا، جہاں مختلف ممالک کے سفارتی مشنز قائم ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، کیونکہ واقعے کے وقت عمارت میں عملہ موجود نہیں تھا۔امریکی سفارتخانے نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ریاض، جدہ اور ظہران میں موجود امریکی شہریوں کو “شیلٹر اِن پلیس” کی ہدایت جاری کی ہے اور مزید نوٹس تک سفارتخانے سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔تاحال امریکی سفارتخانے کے ترجمان اور سعودی حکومتی میڈیا آفس کی جانب سے اس واقعے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔