یروشلم : ایرانی بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملے کی نئی فوٹیج نے کھلبلی مچا دی, میزائلز اسرائیلی فضائی دفاعی نظام توڑتے ہوئے ہدف پر جا لگے۔تفصیلات کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگی صورتحال انتہائی سنگین رخ اختیار کر گئی، ایران نے اسرائیل کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے 100 سے زائد بیلسٹک میزائل اور ڈرونز داغ دیے۔الجزیرہ ٹی وی نے بتایا کہ ایرانی میزائل اسرائیل کے جدید فضائی دفاعی نظام کو توڑتے ہوئے اپنے اہداف پر جا لگے ہیں، ایک ایرانی میزائل مغربی یروشلم میں اپنے ہدف پر لگا، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 اسرائیلی زخمی ہو گئے۔حملے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیج میں زوردار دھماکے اور شہریوں کی چیخ و پکار سنی جا سکتی ہے۔ایران نے تل ابیب اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اہم اسرائیلی فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے، پورے اسرائیل، بالخصوص تل ابیب اور یروشلم میں خطرے کے سائرن بجتے رہے، جس کے باعث لاکھوں شہری پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہو گئے۔عرب میڈیا نے ایران کے بیلسٹک میزائلوں کے اسرائیل پر گرنے کی تازہ ترین فوٹیج جاری کر دی ہے۔ان ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں میزائل اور ڈرون اسرائیلی آسمان پر نمودار ہوئے اور یروشلم سمیت مختلف علاقوں میں زمین پر گرتے ہی بڑے آگ کے گولوں میں تبدیل ہو گئے۔