مسقط: خطے میں موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث مسندم گورنریٹ کے تمام اسکول ہفتے کے اختتام تک آن لائن طریقے سے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارتِ تعلیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے گورنریٹ کے تمام اسکول ہفتے کے آخر تک (آن لائن) نظام کے تحت امور انجام دیں گے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور کسی بھی نئی پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہے گا۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایران کے میزائل حملے کے بعد تہران میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے اور سفیر سمیت تمام سفارتی عملہ واپس بلالیا ہے۔اس حوالے سے یو اے ای وزارت خارجہ کئے ترجمان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے تہران میں اپنا سفارت خانہ بند کرتے ہوئے ایران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایران کے میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایرانی حملوں کے بعد اپنے سفارتی مشن کے تمام ارکان کو واپس بلارہے ہیں۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ایرانی میزائل حملے کے ردعمل میں کیا گیا ہے جس میں ایران نے رہائشی علاقوں، ہوائی اڈوں، بندگاہوں کو نشانہ بنایا۔یو اے ای وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی میزائل حملے شہری مقامات پر جارحیت کے مترادف ہیں، جن سے بے گناہ شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوا۔رپورٹ کے مطابق موجودہ حالات نہ صرف علاقائی و عالمی سلامتی اور استحکام بلکہ توانائی کے تحفظ اور عالمی معیشت کے استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔