ترکیہ نے مشرق وسطیٰ کےلیے بیشتر پروازیں منسوخ کر دیں۔الجزیرہ کے مطابق ترکیہ نے ایران، عراق، اردن، شام اور لبنان کےلیے تمام پروازیں جمعہ تک معطل کر دیں جب کہ قطر، کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات کےلیے پروازیں منگل تک منسوخ کی گئی ہیں۔ریاض، جدہ اور مدینہ عمان کےلیے پروازیں بحال رہیں گی۔ترک ایئرلائنز اور پیگاسس کے طیارے تہران میں گراؤنڈ کر کے عملے کو واپس بلا لیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ قطر، بحرین اور یو اے ای میں موجود ترک عملہ محفوظ ہے اور صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے باعث فضائی حدود بندش سے مختلف ایئر لائنز کے 3 طیارے 28 فروری سے کراچی ایئر پورٹ پر موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق 28 فروری کے دن اچانک فضائی حدود بندش سے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی 27 پروازوں کے طیاروں نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی۔ اس میں طیاروں کی ٹیکنیکل لینڈنگ، ڈائیورژن اور ری روٹ شامل ہیں۔دوسری طرف ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز کے بھی 2 طیارے تین دن سے یو اے ای میں پھنسے ہوئے ہیں، ایک ایئربس 320 طیارہ پی آئی اے اور دوسرا ایئربس طیارہ ایر سیال کا ہے۔ پی آئی اے اور نجی ایئر لائن کے طیارے فضائی حدود کی بندش کے باعث پاکستان کے لیے روانہ نہیں ہو سکے تھے، جن کے بیش تر مسافروں کو ایئر لائن کی جانب سے ہوٹل منتقل کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ مختلف ممالک کی فضائی حدود مسلسل بند ہونے سے ہزاروں پروازیں متاثر اور لاکھوں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔