ترک صدر اردوان کاایران میں خون کی ہولی ختم کرنے کا مطالبہ

Wait 5 sec.

انقرہ : ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے ایران میں خون کی ہولی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا ہم امن کے ساتھ ہیں ، خونریزی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران خونریزی کے خاتمے اور فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا ترکی امن کا حامی ہے اور خطے میں دیرپا استحکام چاہتا ہے۔دارالحکومت انقرہ میں اپنی جماعت اے کے پی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ خطے میں خونریزی بند ہو، آنسو تھمیں اور برسوں سے جاری بے چینی کا خاتمہ ہو۔انہوں نے رمضان المبارک کے موقع پر کہا کہ ترکی اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ کسی جنگ یا تصادم کا خواہاں نہیں۔ترک صدر نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں نے خطے میں جنگ کو بھڑکایا اور اس کے نتیجے میں تہران کی جانب سے ردعمل سامنے آیا، ترکی جنگ بندی کے لیے ہر سطح پر سفارتی رابطے تیز کرے گا۔اردوان نے ایران میں جاری حملوں کے نتیجے میں عام شہریوں اور بچوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا. اس سے قبل وہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت پر بھی دکھ کا اظہار کر چکے ہیں۔ترکی، جو نیٹو کا رکن اور ایک اہم علاقائی طاقت ہے، ایران کے ساتھ تقریباً 500 کلومیٹر طویل سرحد رکھتا ہے،اگرچہ ایران نے اسرائیل، عراق، اردن اور خلیجی ممالک میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے، تاہم اب تک ترکی ان حملوں سے محفوظ رہا ہے۔