بیروت(19 اپریل 2026): جنوبی لبنان میں جاری جھڑپوں کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور نو زخمی ہو گئے، جبکہ اسرائیلی حملے میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا ایک فرانسیسی فوجی بھی جاں بحق ہو گیا ہے۔اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں ہونے والے مقابلے میں ایک اہلکار ہلاک ہوا جبکہ نو زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں اور جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہی حملوں کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل فرانس سے تعلق رکھنے والا ایک امن پسند فوجی بھی ہلاک ہو گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور امن مشن پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔انتونیو گوتیرس کا کہنا تھا کہ امن پسندوں پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں، حالیہ ہفتوں میں لبنان میں امن مشن کے اہلکاروں کی شہادت کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر دشمنی ختم کریں اور جنگ بندی کے معاہدے کا مکمل احترام کریں۔