تہران(20 اپریل 2026): ایرانی پولیس نے ملک کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دہشت گرد گروہوں سے وابستہ 100 سے زائد کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس چیف بریگیڈیئر جنرل احمد رضا رادان کے مطابق یہ کارروائیاں ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کی گئیں، انہوں نے بتایا کہ ایرانی سیکیورٹی فورسز نے حالیہ کارروائیوں کے دوران دہشت گرد گروہوں سے وابستہ 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔بریگیڈیئر جنرل احمد رضا رادان کے مطابق ان آپریشنز کے دوران 3,000 سے زائد ہتھیار، بڑی مقدار میں زندہ گولیوں کا ذخیرہ اور سرد اسلحہ برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ تقریباً 6,000 نگرانی کے آلات اور جاسوسی کے اوزار بھی قبضے میں لیے گئے اور ان سے منسلک مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔انہوں نے مزید کہا ہمارے سپاہی سرحدوں پر تمام تر ساز و سامان کے ساتھ موجود ہیں اور ان کے ہاتھ ٹرگر پر ہیں۔ رادان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ سکیورٹی حالات میں فوجی اور سرحدی تیاری کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔گزشتہ روز ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) نے صوبہ مازندران میں امریکا اور اسرائیل سے وابستہ 69 ایجنٹوں کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق یہ نیٹ ورک حساس مقامات کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے اور انہیں منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ ایرانی سرزمین کے اندر تخریب کاری کی کارروائیوں کی تیاری کر رہا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس مانیٹرنگ اور نگرانی کے بعد یہ کارروائی کی۔