ریاض: سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات این سی ایم نے خبردار کیا ہے کہ اتوار تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوسکتی ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس دوران تیز ہوائیں بھی چلیں گی جو گرد و غبار اور ریت کے طوفان کا باعث بن سکتی ہیں، جن کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ژالہ باری، اچانک سیلاب اور ساحلی علاقوں میں اونچی لہروں کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔این سی ایم کے مطابق ریاض ریجن اور اس کے ملحقہ علاقوں میں درمیانے سے لے کر شدید درجے کی بارش متوقع ہے۔ متاثرہ علاقوں میں درعیہ، المزاحمیہ، الخرج، الدلم، الحریق، الرین، القدیہ، رماح، الافلاج، حوطۃ بنی تمیم، المجمعہ، الزلفی، الغاط، القویعیہ، الدوادمی، عفیف، شقراء، ثادق، حریملہ، ضرما اور مرات شامل ہیں۔جمعہ سے اتوار کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ وادی الدواسر اور السلیل میں بھی درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے۔مکہ ریجن کے بعض حصوں، خصوصاً طائف، میسان، ادھم، العرضیات، تربہ، المویہ، الخرما اور رنیہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، جہاں جمعرات کو درمیانے سے شدید درجے کی بارش کی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق شمالی سرحدی علاقوں، الجوف، تبوک، مدینہ، حائل اور قصیم میں بھی درمیانے سے شدید بارش ہوگی، جبکہ الباحہ کے بیشتر علاقوں میں اتوار تک درمیانی بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا اعلانقومی مرکز برائے موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے متعلق اپڈیٹس کے لیے سرکاری ویب سائٹ، میڈیا پلیٹ فارمز اور’انواء‘ ایپ سے رجوع کریں اور اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔