ہماچل پردیش میں بلدیاتی ادارے اور میونسپل کارپوریشن کے انتخاب کا اعلان، انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ

Wait 5 sec.

ہماچل پردیش کے 51 بلدیاتی اداروں میں 17 مئی 2026 کو انتخاب ہوں گے۔ ریاستی الیکشن کمشنر انیل کھاچی نے منگل (21 اپریل) کو 4 میونسپل کارپوریشن (سولن، منڈی، دھرم شالہ اور پالن پور) سمیت 47 نگر پنچایت اور میونسپل کونسلوں میں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اسی کے ساتھ شہری اداروں میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔اس دوران 4 میونسپل کارپوریشن اور 25 میونسپل کونسل میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ ریاستی الیکشن کمشنر انیل کھاچی نے شملہ میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کے علاوہ 25 میونسپل کونسل اور 22 نگر پنچایتوں میں انتخابات ہوں گے۔ ان میں 180963 مرد ووٹرس اور 179882 خواتین ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ 18 سال کی عمر کے 1808 ووٹرس ایسے ہیں جو پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ کوئی بھی ووٹر ’سارتھی ایپ‘ پر اپنا اور اپنے خاندان کا نام دیکھ سکتا ہے۔کاغذات نامزدگی 29 و 30 اپریل اور 2 مئی (دوپہر 3 بجے تک) بھرے جائیں گے۔ ان کی جانچ 4 مئی کو صبح 10 بجے سے ہوگی۔ نامزدگی واپس لینے کا وقت 6 مئی (صبح 10 سے دوپہر 3 بجے تک) مقرر کیا گیا ہے۔ نامزدگی کی واپسی کے بعد اسی وقت انتخابی نشان الاٹ کر دیے جائیں گے۔ پولنگ اسٹیشنوں کی فہرست کی اشاعت 29 اپریل کو کرنی ہوگی، جبکہ 17 مئی کو صبح 7 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔ نگر پنچایت اور میونسپل کونسل میں اسی دن ووٹوں کی گنتی ہوگی، جبکہ 4 میونسپل کارپوریشن میں ووٹوں کی گنتی 31 مئی کو کی جائے گی۔انیل کھاچی نے کہا کہ کارپوریشن انتخاب لڑنے والے امیدوار زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ روپے، میونسپل کونسل کے امیدوار 75 ہزار روپے اور نگر پنچایت کے امیدوار زیادہ سے زیادہ 50 ہزار روپے خرچ کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ پنچایتی راج اداروں کے لیے 27 اپریل کو ووٹر لسٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس لیے امکان ہے کہ اس کے بعد ہی پنچایتی راج اداروں کے لیے انتخاب کا اعلان ہو۔ فی الحال صرف بلدیاتی اداروں کے لیے انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔ہماچل پردیش میں لوکل باڈی الیکشن کے اعلان کے بعد، ریاستی الیکشن کمیشن نے ریاست کے تمام ڈپٹی کمشنرز، سب ڈویژنل مجسٹریٹس (ایس ڈی ایم)، ضلع پنچایت افسران اور بلاک ڈیولپمنٹ افسران کو اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرس میں موجود رہنے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ناگزیر حالات کے بغیر کوئی بھی افسر ہیڈ کوارٹر نہیں چھوڑے گا۔ یہ ہدایات سپریم کورٹ کے اس حکم کی بنیاد پر جاری کی گئی ہیں، جس میں میونسپل اداروں اور پنچایتی راج اداروں کی تشکیل 31 مئی تک یقینی بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔