لندن : اسٹریٹ آف ہرمز کی بحالی کے لیے عالمی رہنماؤں کی بڑی بیٹھک ہونے جارہی ہے ، جس میں ایک بین الاقوامی دفاعی مشن قائم کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق اسٹریٹ آف ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور بحری راستوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے آج ایک اہم عالمی سربراہی اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔اس ورچوئل اجلاس کی مشترکہ میزبانی برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کریں گے۔اجلاس میں جرمن چانسلر سمیت دنیا کے 40 سے زائد ممالک کے رہنما شریک ہو رہے ہیں، جس کا بنیادی مقصد ایران کے ساتھ جنگ بندی کے استحکام اور عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل "اسٹریٹ آف ہرمز” کو دوبارہ فعال بنانا ہے۔برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی لائنز کی بحالی پر خصوصی زور دیں گے تاکہ عالمی معیشت کو استحکام مل سکے۔برطانوی وزیراعظم آفس کے مطابق، اس اجلاس میں ایک بین الاقوامی دفاعی مشن قائم کیا جائے گا ، اس مشن کا مقصد اسٹریٹ آف ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو تحفظ فراہم کرنا اور اس راستے کو مستقل بنیادوں پر فعال رکھنا ہوگا ، حالات بہتر ہوتے ہی اس مشن کے تحت فوجی تعاون کا آغاز کر دیا جائے گا۔اجلاس میں عالمی بحری تنظیم کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر بھی مشاورت ہوگی۔واضح رہے کہ اسٹریٹ آف ہرمز دنیا میں تیل اور گیس کی ترسیل کا اہم ترین راستہ ہے۔ حالیہ کشیدگی کی وجہ سے اس راستے کی بندش نے عالمی سطح پر توانائی کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کے خدشات پیدا کر دیے تھے، جس کے حل کے لیے اب عالمی برادری سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔