امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو لبنان پر مزید بمباری سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے بہت ہو چکا! اب اسرائیل لبنان پر بمباری نہیں کرے گا۔اپنے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے لبنان اور اسرائیل میں ہونے والی 10 روزہ جنگ بندی اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کے بعد اسرائیل کو لبنان پر بمباری سے منع کر دیا۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ اسرائیل اب لبنان پر بمباری نہیں کرے گا، امریکا نے اسرائیل پر بمباری کرنے پر پابندی لگا دی ہے اب بہت ہو چکا اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملوں کا سلسلہ مزید جاری نہیں رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل لبنان میں حزب اللہ کے خلاف ایران سے الگ اور ’مناسب طریقے‘ سے نمٹے۔ایران کی جانب سے آبی گزر گاہ کھولنے کے اعلان کے فوراً بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں لکھا کہ ایران نے ابھی اعلان کیا ہے کہ آبنائے ایران (ہرمز) مکمل طور پر کھلا ہے اور مکمل آمد و رفت کیلیے تیار ہے۔امریکی صدر نے آخر میں لکھا: ’ایران کا شکریہ!‘۔کچھ دیر بعد ایک اور ٹروتھ سوشل پوسٹ میں امریکی صدر نے لکھا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی اور جہاز رانی کیلیے تیار ہے، تہران کے خلاف بحری ناکہ بندی مکمل طور پر برقرار رہے گی، یہ تب تک رہے گی جب تک ایران سے معاملات 100 فیصد نہیں ہو جاتے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل بہت تیزی سے آگے بڑھے گا، مذاکرات کے زیادہ تر نکات پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔