(17 اپریل 2026): سرکس کے دوران کرتب دکھاتے ہوئے شیر کے ایک بچے نے اچانک کمسن بچی پر حملہ کر کے اس کو شدید زخمی کر دیا۔یہ خطرناک واقعہ سرکس کے دوران اس وقت پیش آیا جب کہ ایک تین سالہ بچی نے یادگار تصویر بنوانے کی کوشش کی لیکن شیر کے بچے نے اس پر دھاوا بول دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کے علاقے عجوزہ میں نیشنل سرکس میں خطرناک جانوروں کے شو کے اختتام پر معمول کے مطابق ایک اسسٹنٹ کی نگرانی میں شیر کے بچے کو پنجرے سے باہر لایا گیا تاکہ لوگ اس کے ساتھ تصاویر بنوا سکیں۔تماشائیوں میں موجود ایک فیملی نے بھی شیر کے بچے کے ساتھ تصویر بنوائے کی کوشش کی، تاہم اسی دوران شیر کے بچے نے اچانک بچی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔ اس کے سر اور چہرے پر گہرے زخم آئے۔شیر کے بچے کے کمسن بچی پر حملے کے بعد سرکس میں بھگدڑ مچ گئی جب کہ زخمی بچی کو فوری طور پر بے ہوشی کی حالت میں عجوزہ جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا ہنگامی آپریشن کیا گیا اور اس کے چہرے اور سر پر 9 ٹانکے لگائے گئے۔دوسری جانب پولیس نے سرکس کی لیڈ ٹرینر لوبا الحلو کو گرفتار کر کے اس سے کئی گھنٹے تفتیش کی ٹرینر کا کہنا تھا کہ شیر کا بچہ انسانوں سے "مانوس” ہے اور اسے تمام ضروری ویکسین لگائی جا چکی ہیں، جب کہ لوگوں کے ساتھ اس کی تصاویر کھنچوانا بھی سرکس کا ایک معمول کا طریقہ کار ہے۔بعد ازاں عدالت نے ٹرینر کو 20 ہزار مصری پاؤنڈ ضمانت کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔دریں اثنا پراسیکیوٹر آفس نے جائے وقوعہ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کو واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت کی ہے۔