(17 اپریل 2026) دنیا میں ایسے دل پھینک لوگ بھی ہیں جو کئی لڑکیوں کو پیار کے جھانسے میں پھنساتے ہیں لیکن ایک نے 500 لڑکیوں سے عشق کا ڈراما رچایا۔سوشل میڈیا کے اس دور میں فریب دینا لوگوں کے لیے بہت آسان ہو گیا ہے۔ کئی ایسے واقعات سامنے آ چکے ہیں جہاں پیار کا جھانسا دے کر ایک شخص نے متعدد لڑکیوں سے ڈراما رچایا اور پھر ان سے پیسے اینٹھ کر چلتا بنا۔لیکن حال ہی میں ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس نے ایک دو یا دس بیس نہیں بلکہ 500 لڑکیوں سے عشق کا ڈراما رچایا۔ حیران کرنے والی سیریل ایکسٹورشنسٹ کی کہانی اس وقت منظر عام پر آئی جب پولیس نے اس کو گرفتار کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے آنند نامی ایک 35 سالہ ملزم کو پکڑا، جس نے 500 لڑکیوں اور خواتین سے محبت کا ڈراما رچایا اور شادی کا لالچ دے کر ہر شکار سے رقم بٹوری اور پھر رفوچکر ہوتا رہا۔رپورٹ کے مطابق یہ سائبر فراڈیا کبھی ڈاکٹر بنا تو کبھی خود کو پروڈیوسر، وکیل اور بڑا بزنس مین بتا کر سادہ لوح لڑکیوں کو پیار کے نام پر دھوکا دیتا رہا۔ملزم خواتین کو ہنی ٹریپ کرنے کا ماہر بتایا جاتا ہے، جس نے فیک سوشل میڈیا اور ڈیٹنگ ایپ پروفائلز بنا کر 500 سے زائد لڑکیوں کو ٹارگیٹ کیا اور ان سے 2 کروڑ روپے کے قریب رقم حاصل کی۔پولیس کے مطابق یہ بہروپیا ڈیٹنگ اور میرج ایپلیکیشنز پر فیک پروفائلز بنا کر خواتین سے رابطہ کرتا تھا۔ انہیں جھوٹی محبت اور شادی کے وعدوں کے ذریعے پہلے پھنساتا، پھر کوئی میڈیکل ایمرجنسی یا بزنس میں نقصان دکھا کر ان سے پیسے اینٹھتا اور رفوچکر ہو جاتا۔کئی لڑکیوں کو اس نے ماڈلنگ اور معروف اداروں میں داخلے جیسے وعدوں کے نام پر بھی لوٹا۔پولیس نے ایک متاثرہ لڑکی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جب ملزم کو گرفتار کیا تو اس کے قبضے سے 4 اسمارٹ فونز، 8 سم کارڈز، تین ڈیبٹ کارڈز، چار سونے کے بریسلیٹس اور ٹھگی کے پیسوں سے خریدی گئی پانچ سونے کی چینز برآمد کی گئیں۔اس کے ڈیجیٹل ڈیوائسز کی جانچ سے پتہ چلا کہ ملزم ایک ہی وقت میں کئی فرضی شناختوں والی آئی ڈیز چلا رہا تھا اور مختلف ریاستوں میں کئی لڑکیوں سے رابطے میں تھا۔دہلی پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم سے برآمد اشیا اور تحقیقات میں ہونے والے انکشافات کی مدد سے اس کے مددگاروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔