نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا روانہ

Wait 5 sec.

نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اتوار (19 اپریل) کو 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا روانہ ہو گئے۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد سری لنکا کا یہ ان کا پہلا دو طرفہ دورہ ہے، جسے ہندوستان اور سری لنکا کے تعلقات کے لحاظ سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دوران نائب صدر جمہوریہ سری لنکا کی اعلیٰ قیادت اور وہاں موجود ہندوستانی برادری سے بات چیت کریں گے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن سری لنکا کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ سری لنکائی قیادت سے ملاقات اور ہندوستانی برادری کے ساتھ بات چیت سمیت ایک اہم پروگرام ان کا منتظر ہے۔Hon’ble Vice President of India, Shri. C. P. Radhakrishnan @VPIndia has departed for Sri Lanka. A rich agenda involving meeting with Sri Lankan leadership and interacting with Indian community lies ahead. pic.twitter.com/fNYWBY58R7— Randhir Jaiswal (@MEAIndia) April 19, 2026وزارت خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران نائب صدر جمہوریہ کی سری لنکا کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں اور ہندوستانی نژاد تمل برادری کے ساتھ بات چیل شامل ہے، یہ دورہ ہندوستان کی ’پڑوسی پہلے‘ پالیسی کے تحت وسیع سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔ سی پی رادھا کرشنن سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے، وزیر اعظم  ہرینی امراسوریہ اور اپوزیشن لیڈران سے ملاقات کریں گے، اس کے ساتھ ہی سری لنکائی تمل اور ہندوستان نژاد تمل سیاسی گروپوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کا پروگرام ہے۔https://x.com/MEAIndia/status/2045663508940136646سری لنکا میں ہندوستانی ہائی کمشنر سنتوش جھا کے مطابق نائب صدر سری لنکا کے خوبصورت دیہی چائے پیدا کرنے والے خطے نووارا ایلیا میں بھی برادریوں کے ساتھ براہ راست بات چیت کریں گے، جہاں ہندوستانی نژاد تمل برادری کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے۔ وہ ہندوستان کے رہائشی منصوبے کے تیسرے مرحلے کے تحت تعمیر شدہ بستیوں کا دورہ کریں گے، جس کے تحت پہلے ہی 4000 گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں اور مزید 10000 گھروں کی تعمیر فی الحال جاری ہے۔ اس دورے کے دوران نائب صدر کی ہندوستانی نژاد تمل خاندانوں سے گفتگو، رہائشی منصوبوں کے معائنے اور نووارا ایلیا میں سیتا مندر کی زیارت متوقع ہے۔لنکا انڈیا بزنس ایسوسی ایشن کے صدر سنتوش مینن نے اس دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں اسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم لمحہ سمجھتا ہوں۔ حالیہ دنوں میں ہندوستان اور سری لنکا کے تعلقات اپنی بہترین سطح پر رہے ہیں۔‘‘نائب صدر جمہوریہ رادھا کرشنن کے سری لنکا دورہ پر، سری لنکا میں انڈین سی ای او فورم (آئی سی ایف) کے صدر کشور ریڈی نے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا  کہ ’’ہمیں بہت خوشی ہے کیونکہ ان کے دورے سے عوام کے درمیان تعلقات اور ہندوستان کے موجودہ تجارتی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان کا دورہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔ ہندوستان نے ہمیشہ ہر طرح کی آفت میں سری لنکا کی مدد کی ہے، جس میں حال ہی میں آنے والا سمندری طوفان ’دتوا‘ اور موجودہ بحران بھی شامل ہے۔‘‘وزارت خارجہ نے سری لنکا کو ہندوستان کی ’پڑوسی پہلے‘ پالیسی اور ’ویژن ساگر‘ فریم ورک کے تحت ایک اہم شراکت دار قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ دورہ صدیوں پرانے تہذیبی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ عوامی تعلقات کو مزید گہرا کرے گا۔