جدہ(18 اپریل 2026): اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے سفارتکاری کے فروغ اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ اظہارِ تشکر سیکرٹری جنرل او آئی سی اور سعودی عرب میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید فواد شیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ملاقات کے دوران سفیر فواد شیر نے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کی امن اور ثالثی کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور 8 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات فریقین کے درمیان ایک اہم پیش رفت ہیں، جن میں وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی انتھک کوششیں شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی فریقین کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے ان اہم مذاکرات کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے مستقبل میں بھی مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کی پاکستانی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے بانی رکن کے طور پر پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔