کیلیفورنیا : امریکا کی ریاست میں تین ملزمان کو دھوکہ دہی کے مقدمے میں قید کی سزا سنادی گئی، ملزمان انشورنس کی رقم کے حصول کیلیے ریچھ کا لباس پہن کر گاڑیوں پر حملے کرتے تھے۔کیلیفورنیا میں تین افراد کو ایک انشورنس فراڈ کرنے کے الزام میں سزا سنائی گئی ہے، جس کی ویڈیو میں ایک شخص کو ریچھ کا لباس پہنا کر لگژری گاڑیوں پر جعلی حملے کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق الفیا زکرمن، روبن تمرازین اور واہے مرادخانین کو گزشتہ جمعرات انشورنس فراڈ کا مرتکب قرار دیا گیا اور 180 دن کی قید کی سزا سنائی گئی۔ جبکہ معاملے میں ملوث چوتھا ملزم ارارت چرکینین کی ابتدائی سنوائی ستمبر میں شیڈول کی گئی ہے۔ملزمان کی جانب سے انشورنس کمپنیوں کو بطور ثبوت دی گئی ویڈیوز میں بظاہر 28 جنوری 2024 کو لیک ایروہیڈ میں 2010 ماڈل کی رولز رائس گھوسٹ میں ایک ریچھ نظر آ رہا تھا۔ اسی تاریخ اور مقام پر دو مہنگی مرسڈیز گاڑیوں کے لیے بھی اسی نوعیت کے دعوے دائر کیے گئے تھے۔انشورنس کمپنی کی تحقیقاتی ٹیم نے ویڈیوز میں جھول محسوس کیا کہ رولس رائس پر حملہ کرنے والا ریچھ انسانوں کی طرح چل رہا ہے۔کیلیفورنیا کی انشورنس ڈیپارٹمنٹ کے کمشنر ریکارڈو لارا نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں جو شک تھا حقیقت میں معاملہ وہی نکلا، بعد ازاں ملزمان کے گھر سے جعلی ریچھ کا لباس برآمد کرلیا۔