ریاض : سعودی عرب کے تاریخی مقام العلا میں 250 کمروں پر مشتمل جدید سہولیات سے آراستہ ہوٹل کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جسے 2027 میں مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔یہ منصوبہ العلا ڈیولپمنٹ کمپنی کی جانب سے شروع کیا گیا ہے جو پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ایک ذیلی کمپنی ہے۔ ہوٹل کو عالمی شہرت یافتہ کمپنی میریٹ انٹرنیشنل کے ’آٹوگراف کلیکشن‘ برانڈ کے تحت چلایا جائے گا۔ایچ این آر کی رپورٹ کے مطابق منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب میں یو ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر جان پیگانو اور رائل کمیشن فار العلا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر عبیر العاقل بھی موجود تھیں۔ہوٹل کو قدرتی مناظر، ثقافتی ورثے اور العلا کی تاریخی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا ڈیزائن معروف آرکیٹیکٹ کمپنی جیوفورما نے تیار کیا ہے۔منصوبے میں پانچ ریستوران، صحت کی سہولیات سمیت کاروباری و تفریحی سرگرمیوں کے لیے جدید انتظامات شامل ہوں گے۔مزید برآں، اس منصوبے کو ماحول دوست بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں پانی کے دوبارہ استعمال، مقامی تعمیراتی مواد کا استعمال، توانائی کی بچت، اور العلا کی "ڈارک اسکائی” پالیسی کے مطابق روشنی کا نظام شامل ہے۔یہ منصوبہ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت سیاحت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور معیشت کو متنوع بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔