بیجنگ: خاتون نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث گھر کی بالکونی سے 1 لاکھ 62 ہزار ہانگ کانگ ڈالر ہوا میں اڑا دیے۔تفصیلات کے مطابق چین کے شہر شانتو میں ایک خاتون نے اپنے شوہر سے جھگڑے کے بعد غصے میں آکر لاکھوں روپے مالیت کی رقم گھر کی بالکونی سے نیچے پھینک دی، جس سے سڑک پر نوٹوں کی بارش کا منظر پیدا ہو گیا۔غیر ملکی میڈیا نے بتایا کہ یہ واقعہ ایک کثیر المنزلہ عمارت میں پیش آیا ، جہاں خاتون نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث 1 لاکھ 62 ہزار ہانگ کانگ ڈالر (جو لاکھوں پاکستانی روپے بنتے ہیں) فضا میں بکھیر دیے۔جیسے ہی نوٹوں کی بارش شروع ہوئی، نیچے سڑک پر موجود راہگیروں اور گاڑی سواروں میں نوٹ جمع کرنے کی دوڑ لگ گئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ سڑک پر بکھرے نوٹوں کو سمیٹنے کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔عمارت کی انتظامیہ اور مقامی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اڑائے گئے تمام نوٹ اصلی تھے اور یہ ایک رہائشی خاتون کی جانب سے پھینکے گئے تھے۔پولیس اور انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جن لوگوں نے یہ رقم اٹھائی ہے وہ اخلاقی طور پر اسے واپس کر دیں۔انتظامیہ کے مطابق واقعہ گھریلو تنازعہ یا خاتون کی شدید ذہنی پریشانی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور خاتون کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کی ذہنی حالت کا جائزہ لیا جا سکے۔