حج 2026 : سعودی حکومت کے انتظامات آخری مراحل میں داخل

Wait 5 sec.

مکہ مکرمہ: سعودی حکومت کی جانب سے حج کے موقع پر حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے رواں برس حج کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے ضیوف الرحمن کو بہترین اور آرام دہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور انفراسٹرکچر میں بہتری کے ذریعے اس سال حج کو مزید محفوظ اور سہل بنایا گیا ہے۔شدید گرمی کے پیشِ نظر میدانِ عرفات میں حجاج کی سہولت کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ عرفات میں نصب خیموں کو جدید ایئر کنڈیشننگ سسٹم سے لیس کر دیا گیا ہے تاکہ حجاج کو پرسکون ماحول میسر آ سکے۔ماحول کو معتدل رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے حامل مصنوعی بارش کے فوارے لگائے گئے ہیں جو درجہ حرارت کو کم رکھنے میں مدد دیں گے جبکہ پورے میدانِ عرفات میں پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کے اضافی کولرز نصب کیے گئے ہیں۔حجاج کی آمد و رفت کو تیز رفتار بنانے کے لیے سفری نظام کو اپ گریڈ کیا گیا ہے ، مزدلفہ اور عرفات کے تمام راستوں کو جدید طرز پر ازسرِ نو تعمیر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ حرمین ہائی اسپیڈ (بلٹ ٹرین) اور حجاج کی بسوں کے ٹریکس کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ سفر کا وقت کم اور آرام میں اضافہ ہو۔حجاج کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی انتظامات کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے ، تمام مقدس مقامات پر جدید ترین سیکیورٹی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن کی مانیٹرنگ کنٹرول روم سے کی جائے گی۔جدید الیکٹرک اور الیکٹرانک ٹیلی فون سسٹم کے ذریعے حجاج اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مؤثر بنایا گیا ہے۔سعودی حکام کے مطابق تمام ادارے ہمہ وقت متحرک ہیں اور حج انتظامات تقریباً مکمل ہو چکے ہیں، حکومت کا اولین مقصد حجاج کرام کو ایک منظم، محفوظ اور یادگار حج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔