لندن : برطانیہ کے اسپتال میں ایک خاتون زچگی کے بعد اپنے نومولود بچے کو اسپتال میں ہی چھوڑ کر فرار ہوگئی، خاتون کی تلاش کیلیے پولیس نے عوام سے مدد کی اپیل کی ہے۔برطانیہ کے علاقے روم فورڈ میں پولیس نے ایک نوجوان ماں کی تلاش شروع کردی ہے جو زچگی کے فوراً بعد اپنے نومولود بچے کو اسپتال میں چھوڑ کر وہاں سے چلی گئی۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نومولود بچے کو اسپتال میں چھوڑ کر فرار ہونے والی ماں کی تلاش جاری ہے، پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خاتون کی تلاش کیلیے تعاون کریں۔پولیس کو گزشتہ روز اس وقت اطلاع دی گئی جب رپورٹ سامنے آئی کہ ایک خاتون نے بچے کو جنم دینے کے بعد اسپتال چھوڑ دیا ہے، جبکہ نومولود بستر پر موجود تھا۔میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق بچہ اس وقت اسپتال کے عملے کی نگرانی میں ہے اور اس کی صحت اچھی ہے، پولیس نے خاتون کی سی سی ٹی وی تصاویر بھی جاری کی ہیں، جن میں اسے اسپتال آتے اور جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔پولیس کے مطابق خاتون کی عمر تقریباً 20 سال ہے، جو دیکھنے میں دبلی پتلی ہے، بال گہرے رنگ کے ہیں اور آخری مرتبہ اسے ہلکے رنگ کا ٹاپ اور نقش و نگار والی اسکرٹ پہنے دیکھا گیا تھا۔میٹ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ خاتون کی خیریت کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس بارے میں کوئی معلومات ہوں تو پولیس سے رابطہ کرے۔اس کیس کی تفتیش کرنے والے افسر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ خاتون ابھی زچگی کے مرحلے سے گزری ہے، اسی وجہ سے وہ انتہائی نازک حالت میں ہے۔یہ کوئی فوجداری تفتیش نہیں ہے، ہمارا مقصد صرف اسے تلاش کرنا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ خیریت سے ہے۔