فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارم سویگی اور زومیٹو نے مصروف اوقات اور نئے سال کے آخری دنوں میں ڈلیوری ملازمین کے لیے انسینٹیو میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ کمپنیاں گِگ اور پلیٹ فارم ملازمین کی ملکی سطح پر کی گئ ہڑتال کے درمیان اپنے کام کو مستحکم کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔ یہ انسینٹیو ایسے وقت میں دیا جا رہا ہے جب ڈلیوری ملازمین کی یونین تنخواہ، کام کرنے کی خراب صورتحال اور سوشل سیکورٹی کی کمی کی مخالفت میں بدھ (31 دسمبر) کو ہڑتال پر ہیں۔ جبکہ دوسری جانب تمام پلیٹ فارمز پر نئے سال کی شام پر زیادہ آرڈر آنے کی امید جتائی جا رہی ہے۔ملازمین اور معاملے سے واقف لوگوں کو بھیجے گئے پیغامات کے مطابق زومیٹو نے ڈلیوری پارٹنرس کو شام 6 بجے سے رات 12 بجے کے درمیان مصروف اوقات میں فی آرڈر 150-120 روپے کی ادائیگی کی پیشکش کی ہے۔ پلیٹ فارم آرڈر کی مقدار اور دستیابی کی بنیاد پر پورے دن میں 3 ہزار روپے تک کی کمائی کا بھی وعدہ کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ زومیٹو نے آرڈر قبول نہ کرنے اور منسوخ کرنے پر عائد ہونے والے جرمانے کو عارضی طور پر معاف کر دیا ہے۔ ڈیلیوری ملازمین کا کہنا ہے کہ اس قدم سے آرڈرز کے غیر مستقل بہاؤ اور زیادہ ڈیمانڈ کے دوران آمدنی کے نقصان کا خطرہ کم ہوتا ہے۔سویگی نے بھی سال کے آخر میں انسینٹیو رقم بڑھا دی ہے۔ ڈلیوری پارٹنرس کے ساتھ شیئر کی گئی جانکاری کے مطابق پلیٹ فارم 31 دسمبر سے یکم جنوری کے درمیان ڈلیوری ملازمین کو 10 ہزار روپے تک کی کمائی کا موقع دے رہا ہے۔ نئے سال کے موقع پر سویگی شام 6 بجے سے رات 12 بجے کے درمیان مصروف اوقات میں 2 ہزار روپے تک کی کمائی کی تشہیر کر رہا ہے، تاکہ سال کے سب سے مصروف گھنٹے میں ڈلیوری رائڈرس کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔صنعت کے ذرائع کے مطابق کوئک کامرس پلیٹ فارم زیپٹو نے بھی ڈلیوری ملازمین کے لیے مراعات کی رقم میں اضافہ کیا ہے۔ فوڈ ڈلیوری اور انسٹنٹ کامرس پلیٹ فارم ہڑتال کی مدت اور سال کے آخر میں مطالبہ میں اچانک ہوئے اضافہ کے دوران رکاوٹ کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اب تک کسی بھی پلیٹ کی جانب سے کوئی آفیشیل بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ 25 دسمبر کو بھی گِگ ورکرس نے ہڑتال کیا تھا، اس دوران خاص طور سے فوڈ ڈلیوری سروس میں کچھ وقت کے لیے پریشانی آئی تھی۔