(2 جنوری 2026): براعظم افریقہ کے دو ممالک برکینا فاسو اور مالی نے امریکی شہریوں کے اپنے ملکوں میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔العربیہ کے مطابق افریقی ملک برکینا فاسو اور مالی نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے 39 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی عائد کرنے کا سخت جواب دیتے ہوئے اپنے ملکوں میں امریکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔برکینا فاسو اور مالی نے کہا ہے کہ یہ قدم مساوات کی بنیاد پر اٹھایا گیا ہے۔ اب امریکی شہریوں کو بھی ان ہی قوانین کا سامنا کرنا پڑے گا، جو ان کے شہریوں کو امریکا جاتے وقت کرنا پڑتا ہے۔دونوں حکومتوں نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی ملک کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں چاہتے۔ تاہم جب ان کے شہریوں پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے تو امریکی شہریوں کے لیے بھی وہی قانون نافذ ہوں گے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے حال ہی میں 39 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فہرست میں افریقہ اور دیگر علاقوں کے کئی ممالک شامل ہیں۔اس پابندی کا حیرت انگیز پہلو یہ ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی سفری پابندی والی فہرست میں ایسے ممالک بھی شامل ہیں جو فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ امریکہ اور کینیڈا میں ہونا ہے، ایسے میں اس فیصلے کو لے کر کھیل اور سفر سے متعلق سوال بھی اٹھنے لگے ہیں۔