(2 جنوری 2026): برگر اور نوڈلز کھانے والی طالبہ کے ساتھ ایسا کیا ہوا جو اس کی موت کا سبب بن گیا، افسوسناک واقعہ کی حیران کن وجہ سامنے آ گئی۔آج کی نئی نسل گھر کی صحت بخش خوراک سے زیادہ چٹ پٹے بازاری کھانوں بالخصوص فاسٹ فوڈ کے رسیا ہیں اور کچھ تو فاسٹ فوڈ کے اتنے دیوانے ہیں کہ اس کے علاوہ وہ کچھ نہیں کھاتے۔ یہ افسوسناک خبر بھی ایسے ہی افراد کے لیے ہے۔بھارت میں برگر اور نوڈلز کی شوقین طالبہ اپنے اس شوق کے باعث موت سے ہمکنار ہوگئی۔ 19 سالہ علمہ قریشی کی اچانک موت نے سب کو حیران کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق علمہ قریشی جس کو ایک ماہ قبل سر درد کی شکایت ہوئی تھی، جو وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتی گئی اور بالآخر اسپتال میں دوران علاج چل بسی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے اس کی موت کی وجہ طالبہ کے دماغ میں گانٹھ بننا بتایا ہے، جو کسی اور سبب نہیں بلکہ اس کے مستقل بنیادوں پر نوڈلز اور برگر کھانے کی وجہ سے بنی تھی۔ڈاکٹروں نے متوفیہ کے اہل خانہ کو بتایا کہ فاسٹ فوڈ میں استعمال کی جانے والی بند گوبھی کے ذریعہ دماغ میں کیڑا پہنچا، جس نے وہاں گانٹھیں بنا دیں۔ جو اس کی موت کی وجہ بنے ہیں۔