جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ’ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام اسکالرشپ‘ شروع، درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 25 جنوری

Wait 5 sec.

جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ’ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام اسکالرشپ‘ کے لیے آفیشیل نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یعنی جامعہ کے ڈین آف اسٹوڈنٹ ویلفیئر (ڈی ایس ڈبلیو) آفس کے ذریعہ ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام اسکالرشپ کے لیے درخواست کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ڈی ایس ڈبلیو آفس نے تعلیمی سیشن 25-2024 کے لیے طلبہ سے اسکالرشپ کی درخواستیں طلب کی ہیں۔ اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 25 جنوری 2026 ہے۔ آئیے ذیل میں جانتے ہیں کہ ’ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام اسکالرشپ‘ کے لیے کون سے طلبہ درخواست دے سکتے ہیں اور اسکالرشپ کے کیا شرائط و ضوابط ہیں۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر نے ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام اسکالرشپ شروع کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ اسکالرشپ جامعہ کے زیر اہتمام چلنے والے انڈر گریجویٹ (یو جی) اور پوسٹ گریجویٹ (پی جی) کے ریگولر کورسز میں زیر تعلیم کم آمدنی والے (ای ڈبلیو ایس) طلبہ کے لیے ہے۔ حالانکہ اس اسکالرشپ کے لیے جامعہ کے سیلف فائنانس کورسز میں شامل طلبہ درخواست نہیں دے سکتے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ’ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام اسکالرشپ‘ کے لیے طے شدہ قواعد کے مطابق اس میں طالبات کو ترجیح دی جائے گی، جس کے تحت 50 فیصد طالبات کو یہ اسکالرشپ دی جائے گی۔ جبکہ اسکالرشپ کے لیے منتخب ہونے والے طلبہ کو 10 ہزار روپے سالانہ دیے جائیں گے۔ اسکالر شپ کی یہ رقم ایک سال کے لیے قابل ادائیگی ہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام اسکالرشپ کے لیے جامعہ سے یو جی اور پی جی کورس کر رہے طلبہ درخواست دے سکتے ہیں، لیکن ان کی حاضری کم از کم 75 فیصد ہونی چاہیے۔ جبکہ اسکالرشپ کے لیے وہی طلبہ درخواست دے سکتے ہیں، جن کی سالانہ آمدنی 2 لاکھ روپے سے کم ہے۔ جامعہ ڈی ایس ڈبلیو آفس نے واضح کیا ہے کہ ایک طالب علم کو یونیورسٹی کی ایک ہی اسکالرشپ دی جائے گی۔ حالانکہ اسکالرشپ کے لیے منتخب ہونے والے طلبہ دیگر ذرائع سے ملنے والے والے اسٹائپنڈ( وظیفہ) کے لیے اہل ہوں گے، لیکن اسٹائپنڈ کے لیے منتخب ہونے کی صورت میں انہیں فوری طور پر جامعہ ڈی ایس ڈبلیو آفس سے رابطہ کرنا ہوگا۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام اسکالرشپ کے لیے درخواست آف لائن دی جاسکتی ہے، لیکن درخواست فارم جامعہ کی آفیشیل ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔ اس درخواست فارم کو تعلیمی سیشن 25-2024 کی فیس سلپ، آئی ڈی کارڈ، انکم سٹیفکیٹ سمیت ضروری دستاویز کے ساتھ The Scholarship Section, Office of dean Student Welfare, JMI کے پتہ پر 25 جنوری 2026 تک جمع کرانا ہے۔