دیوالی کے بعد سے سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ بدستور جاری ہے۔ تازہ سرگرمیوں میں سونے کی قیمتوں میں جمعہ کے روز ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا ، جس میں سونے کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار روپئے فی 10 گرام سے اوپر نکل گئی۔ انڈیا بلین اینڈ جیولرس ایسوسی ایشن (آئی بی جی اے) کے مطابق 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 1,20,770 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو سونے کی قیمت 1,19,619 روپے فی 10 گرام تھی۔ 24 گھنٹے میں 24 قیراط سونے کی قیمت میں 1151 روپے فی 10 گرام کا اضافہ ہوگیا ہے۔وہیں22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 1,09,571 روپے سے بڑھ کر 1,10,625 روپے ہوگئی ہے۔ دریں اثنا 18 قیراط سونے کی قیمت 89,714 روپئے فی 10 گرام سے بڑھ کر 90,578 ہو گئی ہے۔ سونے کے ساتھ ہی چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، اورگزشتہ 24 گھنٹوں میں 2,342 روپئے مہنگی ہو کر چاندی 1,49,125 فی کلو گرام پر پہنچ گئی ہے جوکہ پہلے 1,46,783 روپئے فی کلوگرام تھی۔ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر سونے کے لیے 5 دسمبر2025 کے معاہدے کی قیمت 0.44 فیصد بڑھ کر 1,22,039 روپئے ہو گئی، جبکہ چاندی کے لیے 5 دسمبر 2025 کے معاہدے کی قیمت 0.46 فیصد بڑھ کر 1,49,520 ہو گئی ہے۔ اس دوران ایل کے پی سیکورٹیز کے جتن ترویدی نے کہا کہ سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا حالانکہ یہ دن کے آخر میں طور پر بند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ رسک سینٹیمنٹ میں اضافہ بلین مارکیٹ کو سپورٹ کر رہی ہے۔ سونے کے لئے سپورٹ 1,18,000 روپئے اور رکاوٹ کی سطح 1,24,000 روپئے پر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بازار امریکہ- چین اور امریکہ- ہندوستان تجارتی معاہدوں پر وضاحت کا انتظار کر رہا ہے اور یہ تجارتی معاہدے سونے کا مستقبل طے کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ بین الاقوامی بازار میں بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کامیکس پر سونے کی قیمت 0.70 فیصد بڑھ کر 4,043 ڈالر فی اونس اور چاندی کی قیمت 0.22 فیصد اضافے کے ساتھ 48.72 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔