قیمتی دھاتوں کی تاریخی بلندی! سونا پہلی بار 1.30 لاکھ روپے فی 10 گرام، چاندی 1.85 لاکھ روپے فی کلو پر پہنچی

Wait 5 sec.

دیوالی اور دھن تیرس جیسے بڑے تہواروں سے قبل زیورات کی بھاری مانگ کے باعث منگل کو سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ درج کیا گیا۔ دہلی کے صرافہ بازار میں سونا 2,850 روپے بڑھ کر پہلی بار 1,30,000 لاکھ روپے فی 10 گرام کی حد پار کر گیا۔ اسی طرح چاندی 6,000 روپے کی تیزی کے ساتھ 1,85,000 روپے فی کلوگرام کی تاریخی سطح پر پہنچ گئی۔آل انڈیا بولین ایسوسی ایشن کے مطابق 99.9 فیصد خالص سونا 2,850 روپے مہنگا ہو کر 1,30,800 روپے فی 10 گرام پر بند ہوا، جبکہ گزشتہ سیشن میں اس کی قیمت 1,27,950 روپے تھی۔ 99.5 فیصد خالص سونا بھی اتنی ہی بڑھت کے ساتھ 1,30,200 روپے فی 10 گرام تک پہنچ گیا۔چاندی نے لگاتار پانچویں دن تیزی کا سلسلہ برقرار رکھا اور 6,000 روپے کی چھلانگ کے بعد 1,85,000 روپے فی کلوگرام (تمام ٹیکس سمیت) پر بند ہوئی۔ پچھلے کاروباری دن یہ 1,79,000 روپے فی کلوگرام رہی تھی۔تجارتی ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ تہواروں اور شادی بیاہ کے موسم سے قبل صرافوں اور خوردہ فروشوں کی بڑھتی مانگ ہے۔ اس کے ساتھ ہی روپے کی قدر میں کمی نے بھی سونے اور چاندی کے بھاؤ کو اوپر دھکیل دیا۔ منگل کو روپیہ 12 پیسے گر کر 88.80 کے اپنے تاریخی نچلی سطح پر پہنچ گیا۔بین الاقوامی بازار میں بھی سونا بلند سطح پر برقرار رہا۔ دن میں ایک وقت ایسا آیا جب سونے کی قیمت 4,179.71 ڈالر فی اونس کی تاریخی بلند ترین سطح کو چھو گئی، تاہم بعد میں یہ معمولی کمی کے ساتھ 4,140.34 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی۔ چاندی نے بھی 53.54 ڈالر فی اونس کا ریکارڈ بنایا مگر بعد میں 51.36 ڈالر فی اونس پر 1.92 فیصد گراوٹ کے ساتھ بند ہوئی۔گولڈمین سیکس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق آئندہ سال تک سونا 5,000 ڈالر فی اونس تک جا سکتا ہے، جو روپے میں تقریباً 1.55 لاکھ روپے فی 10 گرام بنتا ہے۔ پی ایل کیپیٹل کے ڈائریکٹر سندیپ رائےچورا کا کہنا ہے کہ سونا 1,44,000 روپے فی 10 گرام تک جا سکتا ہے۔سونے کی بڑھتی قیمتوں کے تین بڑے اسباب بتائے گئے ہیں — تہواروں پر خریداری کی روایت، عالمی غیر یقینی صورتِ حال اور بینکوں کی جانب سے ڈالر پر انحصار کم کرنے کی پالیسی۔ چاندی میں تیزی کے پیچھے بھی تین عوامل کارفرما ہیں، تہواروں کی مانگ، روپے کی گراوٹ اور صنعتی ضرورت میں اضافہ۔اعداد و شمار کے مطابق 2024 کے آخر سے اب تک سونا 49,990 روپے اور چاندی 92,083 روپے مہنگی ہو چکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ اس سال سونا تقریباً 60 فیصد بڑھ چکا ہے، اس لیے قلیل مدت میں تیزی کی رفتار سست پڑ سکتی ہے، تاہم طویل مدتی سرمایہ کاری اب بھی فائدہ مند رہ سکتی ہے۔