ابوظہبی: وزارتِ تعلیم نے اسکولوں میں 13 سے 17 اکتوبر تک مڈ ٹرم تعطیلات کا اعلان کردیا ، پیر 20 اکتوبر سے معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہوں گی۔تفصیلات کے مطاق متحدہ عرب امارات میں وزارتِ تعلیم نے سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبہ کے لیے مڈ ٹرم تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے، نئے سرکلر کے تحت یہ تعطیلات 13 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک ہوں گی۔یہ شیڈول تعلیمی سال 2025–2026 کے لیے وزارتِ تعلیم کے منظور شدہ اکیڈمک کیلنڈر کے مطابق ہے، تمام اسکولوں میں کلاسز پیر، 20 اکتوبر سے معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہوں گی۔سرکلر میں کہا گیا کہ اساتذہ اور انتظامی عملے کا شیڈول کچھ مختلف ہوگا، وہ 13 سے 15 اکتوبر تک پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں میں حصہ لیں گے، جس کے بعد انہیں 16 سے 19 اکتوبر تک اپنی مڈ ٹرم چھٹیاں دی جائیں گی۔یہ نیا نظام پہلی بار رواں تعلیمی سال سے نافذ کیا جارہا ہے تاکہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیا جاسکے اور تدریسی معیار بہتر بنایا جا سکے۔وزارتِ تعلیم کے مطابق یہ نظام “تعلیمی سختی اور آرام کے درمیانی توازن” کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کی کارکردگی میں بہتری اور تعلیمی معیار کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔اسکولوں نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مڈ ٹرم تعطیلات کے دوران بچوں کو وقت کا مثبت استعمال سکھائیں، جیسے ہلکی پڑھائی، مطالعہ یا خاندانی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے کے عمل کو مضبوط کرنا۔وزارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ایک منظم اور واضح تعلیمی منصوبے پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی جو طلبہ کی فلاح، تعلیمی کامیابی اور اسکولوں میں سال بھر مستحکم تعلیمی ماحول فراہم کرے گا۔