لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے منگل کی دوپہر آنجہانی سینئر آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار کے گھر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سوگوار خاندان سے ملاقات کی اور دلاسہ دیا۔ اطلاعات کے مطابق راہل گاندھی صبح سویرے چندی گڑھ کے ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں ہریانہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا اور دیگر کانگریسی لیڈروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد وہ سیدھے پورن کمار کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے متوفی آئی ایس افسر کی اہلیہ اور سینئرآئی اے ایس افسر امنیت پورن کمار اور بیٹی امولیا سے تقریباً آدھے گھنٹے تک بات کی۔اس سے پہلے کانگریس پارٹی نے سوشل میڈیا پر راہل گاندھی کی تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ پارٹی کے سینئر رہنما راہل گاندھی چندی گڑھ پہنچ گئے ہیں جہاں سے وہ آنجہانی آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔بتایا جاتا ہے کہ آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار نے 7 اکتوبر کو چندی گڑھ کے سیکٹر 11 میں واقع اپنی رہائش گاہ کے ساؤنڈ پروف تہہ خانے میں خود کو گولی مار لی تھی۔ موت سے ایک دن پہلے انہوں نے اپنی بیوی امنیت کو مخاطب کرتے ہوئے وصیت اور 8 صفحات کا خود کشی نوٹ لکھا تھا۔ نوٹ میں انہوں نے ہریانہ کے ڈی جی پی شتروجیت کپور اور روہتک کے ایس پی نریندر بجرنیا سمیت 13 افسران پر ذات پات کی بنیاد پر ہراساں کرنے، ذہنی اذیت دینے اور کیریئر برباد کرنے کے سنگین الزامات لگائے ہیں۔آنجہانی آئی پی ایس افسر نے نوٹ میں لکھا کہ میں اب اور زیادہ برداشت نہیں کر سکتا جو مجھے اس حالت میں لائے وہ لوگ میری موت کے ذمہ دار ہیں۔ اس سلسلے میں پورن کمار کی بیوی آئی اے ایس افسر امنیت پورن کمار نے چندی گڑھ پولیس میں شکایت دی جس کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی متاثرہ خاندان نے ملزم افسران کو ایف آئی آر میں نامزدکرنے اور ان کی گرفتاری کا مطابہ کیا تھا اور ایسا نہ ہونے تک اہل خانہ نے متوفی آئی پی ایس افسر کا پوسٹ مارٹم اور آخری رسومات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔