مسلم آبادی والے بیان پر اویسی نے کہا ’امت شاہ کو ہے ریاضی کے استاد کی ضرورت ‘

Wait 5 sec.

جیسے جیسے بہار اسمبلی انتخابات کی تاریخیں قریب آرہی ہیں، ریاست میں سیاسی درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ سیاسی رہنماؤں کی بیان بازیاں اپبے شباب پر ہیں۔ اس دوران مرکزی وزیر داخلہ اوربی جے پی کے سینئر لیڈر امت شاہ کو ان کے دراندزی والے بیان پراے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے نشانہ بنایا ہے۔ حیدرآباد لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ سیمانچل کے محنتی لوگوں کو بار بار درانداز کہہ کر بدنام کر تی ہے۔اویسی نے مزید کہا کہ ای سی آئی ایس وی ای ای پی کے اعداد و شمار کے مطابق سیمانچل میں صرف4 مسلمان ایسے پائے گئے جن کی شہریت کی تصدیق نہیں ہو سکی، جو بی جے پی کے دعوؤں کو چیلنج کرتا ہے۔ اسد الدین اویسی نے امت شاہ کے اس دعوے کا مذاق اڑایا کہ دراندازی کی وجہ سے مسلم آبادی میں اضافہ ہوا ہے اور کہا کہ انہیں ریاضی کے استاد کی ضرورت ہے۔ اویسی نے این آرسی اور ایس آئی آر کے عمل کو غریبوں کے لئے استحصالی بتایا جو دراندازی کے دعوؤں کو ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے سیمانچل کے لوگوں سے بی جے پی کی تقسیم کی پالیسیوں کے خلاف متحد ہو کر ووٹ دینے اور فخر محسوس کرنے کی اپیل کی ۔ مقامی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سیمانچل کے ووٹر اب بی جے پی کی دراندازی والی بیان بازی کے بجائے ترقی اور احترام کو ترجیح دے رہے ہیں۔اسدالدین اویسی نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’  سیما نچل زندہ باد! ،کھودا پہاڑ اور نکلا کیا؟‘ انہوں نے کہاکہ سیمانچل کے غیور عوام کو بی جے پی والے بار بار "درانداز" وغیرہ کہتے رہے لیکن ای سی آئی ایس وی ای ای پی کے اعداد و شمار نے بی جے پی کے دعویٰں کی قلعی کھول دی جس میں کہا گیا ہے کہ یہاں صرف چار مسلمان ایسے پائے گئے جن کی شہریت ثابت نہیں ہو پائی۔واضح رہے کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر امیت شاہ نے حال ہی میں اپنی ایک تقریر میں دعویٰ کیا تھا کہ ملک کی مسلمان آبادی میں 24.6 فیصد اضافہ ہوا ہے، جب کہ ہندو آبادی میں 4.5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے اس عدم توازن کی وجہ پاکستان اور بنگلہ دیش سے مبینہ غیر قانونی دراندازی کو قرار دیا۔ امت شاہ کے اس بیان سے اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی سخت ناراض ہوگئے ہیں۔