بیجنگ : چین نے امریکی بحری جہازوں سے خصوصی پورٹ فیس لینا شروع کردی، ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ جتنی جلدی ہوسکے واشنگٹن اپنی غلطیاں درست کرلے۔تفصیلات کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی۔امریکی صدر ٹرمپ کی 100 فیصد ٹیرف کی دھمکی کے جواب میں چین نے امریکی بحری جہازوں سے خصوصی پورٹ فیس وصولی کا آغاز کر دیا ہے۔ترجمان چینی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ واشنگٹن کو چاہیے کہ وہ جتنی جلدی ہوسکے اپنی غلطیاں درست کرے، بات چیت کی خواہش اور دباؤ کی پالیسی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔چینی حکام نے کہا یہ خصوصی فیس سلامتی کے تقاضوں اور علاقائی خودمختاری کے تحفظ کے لیے نافذ کی گئی ہے۔بیجنگ کا مؤقف ہے کہ امریکی بحری سرگرمیاں چین کے علاقائی مفادات اور سمندری خودمختاری کے لیے خطرہ بن رہی ہیں۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے چین کے اس اقدام کو غیر ضروری اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بنے گا۔واشنگٹن نے بیجنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کرے جو خطے کے امن و استحکام کو متاثر کریں۔