الیکشن کمیشن نے اتر پردیش سمیت 6 ریاستوں میں ایس آئی آر کے لیے مدت کار میں اضافہ کا کیا اعلان

Wait 5 sec.

الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) مہم 2026 کے تحت دعوے اور اعتراضات جمع کرنے کی آخری تاریخ کو 6 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں میں بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ مختلف ریاستوں میں حاصل درخواستوں کی تعداد اور تکنیکی و انتظامی اسباب کو دیکھتے ہوئے لیا ہے۔تمل ناڈو اور گجرات میں ایس آئی آر فارم جمع کرانے کی مدت کار 14 دسمبر 2025 (اتوار) تھی، جسے بڑھا کر اب 19 دسمبر 2025 کر دی گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ان ریاستوں کے اسٹیک ہولڈرس کو ضروری کاغذات تیار کرنے اور جمع کرنے کے لیے 5 اضافی دنوں کا وقت مل گیا ہے۔ اسی طرح مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور انڈمان و نکومار کے لیے آخری تاریخ 18 دسمبر 2025 سے بڑھا کر 23 دسمبر 2025 کر دی گئی ہے۔ اتر پردیش میں ایس آئی آر کی آخری تاریخ 26 دسمبر سے بڑھا کر 31 دسمبر کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ان سبھی ریاستوں کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑھی ہوئی تاریخ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد اپنا کام پورا کر لیں۔اس درمیان اتر پردیش کے چیف الیکٹورل افسر نودیپ رِنوا نے بتایا کہ ریاست میں ایس آئی آر کا عمل منظم طریقے سے مکمل کرنے اور شفاف ووٹر لسٹ بنانے کے لیے الیکشن کمیشن سے مزید 2 ہفتہ کا وقت طلب کیا گیا تھا، تاکہ ضلع انتخابی افسران کے ذریعہ مہلوک، منتقل یا غیر حاضر ووٹرس کا از سر نو تصدیق ہو سکے۔ چیف الیکٹورل افسر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ یکم جنوری 2026 کی تاریخ کی بنیاد پر ریاست میں چل رہے ایس آئی آر کی اعلان کردہ تاریخ کو بڑھاتے ہوئے از سر نو ترمیم شدہ تاریخیں جاری کر دی گئی ہیں۔چیف الیکٹورل افسر نے مطلع کیا کہ ترمیم شدہ تاریخوں کے مطابق 26 دسمبر 2025 تک فارم جمع کرنے کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ ووٹر لسٹ کا مسودہ شائع کرنے کے لیے اب 31 دسمبر کی تاریخ مقرر ہوئی ہے۔ اسی طرح دعوے اور اعتراضات حاصل کرنے کی مدت 31 دسمبر 2025 سے 30 جنوری 2026 تک مقرر کی گئی ہے۔ 31 دسمبر 2025 سے 21 فروری 2026 تک بھرے گئے فارم پر فیصلہ لیا جائے گا اور دعووں و اعتراضات کو نمٹایا جائے گا۔ اتر پردیش کی ووٹر لسٹ کی حتمی اشاعت اب 28 فروری 2026 کو ہوگی۔