ہیتھرو ایئرپورٹ : ڈاکوؤں کا مرچ اسپرے سے حملہ، پولیس کی فلمی انداز میں کارروائی

Wait 5 sec.

لندن : ہیتھرو ایئرپورٹ کی کار پارکنگ کی لفٹ میں مسلح افراد نے خاتون کا سوٹ کیس چھیننے کی کوشش کے دوران مرچوں کا اسپرے کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ کے کار پارکنگ کی لفٹ میں اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب مسلح افراد کے چار رکنی گروہ نے ایک خاتون کا سوٹ کیس چھیننے کی کوشش کے دوران اُس پر مرچوں کا اسپرے کر دیا، جس سے لفٹ میں موجود 21 افراد متاثر ہوئے، جن میں ایک تین سالہ بچی بھی شامل ہے۔مذکورہ واقعہ اتوار کی صبح 8 بجے پیش آیا اور فوری طور پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے 31 سالہ ایک مشتبہ شخص کو حملے کے الزام میں گرفتار کرلیا جبکہ تین دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ بظاہر ایک اسپرے حملہ تھا جس میں متاثرین کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم پانچ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔میٹرو پولیٹن پولیس کے کمانڈر پیٹر اسٹیونز نے بتایا کہ سی سی ٹی وی اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں معلوم ہوا ہے کہ خاتون کا بیگ چھیننے کی کوشش کرنے والے چار افراد نے مرچوں کا اسپرے کیا جس سے لفٹ اور آس پاس موجود لوگ شدید متاثر ہوئے۔پولیس کے کمانڈر کے مطابق یہ ایک علیحدہ نوعیت کا واقعہ معلوم ہوتا ہے اور غالباً متعلقہ افراد ایک دوسرے کو جانتے بھی ہوں گے۔واقعہ کے بعد ایئرپورٹ پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، کار پارکنگ کو سیل کر دیا گیا اور گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہ ہونے کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا۔کئی مسافروں نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اہلکار ہر گاڑی کی کھڑکی کھلوا کر اندر بیٹھے افراد کی تلاشی لے رہے تھے، منظر بالکل کسی جیمز بانڈ کی فلم جیسا لگ رہا تھا۔ہیتھرو ایئرپورٹ ترجمان کے مطابق صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں، سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، ہیتھرو ایکسپریس اور الزبتھ لائن کی سروس کچھ دیر معطل رہنے کے بعد بحال کر دی گئی۔لندن، ہیتھرو ایئرپورٹ کی کار پارکنگ میں آگ، ٹرمینل بند کردیا گیا