لندن : برطانوی ویزے کیلئے انگریزی کے ٹیسٹ میں ناکامی کے باوجود ہزاروں تارکین وطن کو ویزے دیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ویزے کے لیے منعقد کیے گئے انگریزی ٹیسٹ میں سنگین نقص کا انکشاف ہوا ہے۔بین الاقوامی انگلش لینگویج ٹیسٹنگ سسٹم (IELTS) کے نتائج میں تقریباً 78 سے 80 ہزار امیدواروں کو غلط نتائج دیے گئے، جس کے باعث ہزاروں تارکین وطن کو ٹیسٹ میں ناکامی کے باوجود ویزے جاری کر دیے گئے۔تفتیش کے دوران چین، بنگلادیش اور ویتنام میں دھوکا دہی کے شواہد بھی سامنے آئے اور لیک شدہ پرچوں کی فروخت سے غیر مستحق امیدوار بھی پاس قرار پائے۔اس واقعے پر برطانوی اپوزیشن جماعت کنزرویٹو پارٹی نے متاثرہ افراد کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔حکومت نے تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں اس قسم کی غلطیوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 3.6 ملین افراد IELTS کا امتحان دیتے ہیں، جس کے ذریعے انہیں برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں تعلیم اور ملازمت کے مواقع حاصل ہوتے ہیں۔