واشنگٹن (5 نومبر 2025): امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن آنے والی پرواز میں بم کی افواہ کے بعد ریگن ایئرپورٹ پر پروازیں معطل کر دی گئیں۔فوکس نیوز کے مطابق رونالڈو ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت ہنگامی صورتحال ہو گئی جب امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن سے آنے والی پرواز میں بم کی موجودگی کی افواہ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئیں۔امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شون ڈیفی نے پلیٹ فارم "ایکس” پر وضاحت کی کہ یہ دھمکی یونائیٹڈ ایئر لائنز کی ایک پرواز کو نشانہ بنانے کی تھی، جو ہیوسٹن ریاست ٹیکساس سے آ رہی تھی۔ایئرپورٹ حکام نے اس اطلاع کے بعد متعلقہ طیارے کو ہوائی اڈے کے ایک محفوظ اور علیحدہ حصے میں منتقل کر کے مسافروں کو طیارے سے محفوظ طریقے سے نکال کر ہال منتقل کیا گیا۔بعد ازاں جہاز کو مکمل تلاشی لینے کے بعد ہر قسم کے خطرے سے کلیئر قرار دے دیا گیا۔اس حوالے سے یونائیٹڈ ایئر لائنز کے ترجمان نے کوئی بھی وضاحت دینے کے بجائے میڈیا سے تمام سوالات اور معلومات کے لیے ایف بی آئی (وفاقی تحقیقاتی ادارے) سے رجوع کرنے کا کہا ہے۔ترجمان کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دوپہرڈیڑھ بجے کے قریب ہوائی اڈے پر کارروائیاں دوبارہ شروع کر دی گئیں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تیز اور مؤثر ردعمل کی تعریف کی۔