امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک میئر کے الیکشن میں ووٹنگ کا وقت ختم ہوگیا، نیویارک میں47 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک میئر الیکشن میں ڈیمو کریٹ مسلمان امیدوار ظہران ممدانی انتخابی سروے میں اب تک سب سے آگے ہیں، ظہران ممدانی کا آزاد امیدوار اینڈریو کومو اورریپبلکن امیدوار کرٹس سلوا سے مقابلہ تھا۔ممدانی ممکنہ جیت کی صورت میں نیویارک کے پہلے مسلم اور جنوبی ایشیائی نژاد میئر بنیں گے۔ یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے ریپبلکن امیدوار کرٹس سلوا کی بجائے اینڈریو کومو کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ڈیموکریٹ امیدوار ابیگیل اسپینبرگر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر منتخبدوسری جانب ورجینیا میں ڈیموکریٹس نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی، ابیگیل اسپینبرگر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر منتخب قرار پائیں۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹس نے ری پبلکنز سے گورنر کی نشست واپس لے لی، ڈیموکریٹ امیدوار ایبِیگیل اسپینبرگر نے ورجینیا کی گورنر شپ کا الیکشن جیت لیا ہے جس کے بعد وہ اس جنوبی امریکی ریاست کی تاریخ میں پہلی خاتون گورنر بن گئی ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسپینبرگر نے ریپبلکن لیفٹیننٹ گورنر ونسوم ارل سیئرز کو 45 کے مقابلے میں 55 فیصد ووٹوں سے واضح شکست دی۔سابق سی آئی اے اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے میں بحیثیت افسر خدمات انجام دینے والی اسپینبرگر تین بار امریکی ایوانِ نمائندگان کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔واضح رہے کہ ریاست میں اب تک 35 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوئی ہے، جب کہ اسپینبرگر کی برتری مستحکم ہے۔ وہ موجودہ ریپبلکن گورنر گلین یونکن کی جگہ منصب سنبھالیں گی، جو آئینی طور پر دوبارہ انتخاب لڑنے کے اہل نہیں تھے۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کامیابی ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے ایک بڑی سیاسی فتح قرار دی جا رہی ہے کیونکہ وہ ریاستی اسمبلی میں اپنی نشستوں میں اضافے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔